وزیر قانون جج کو پیغام دیں، پارلیمنٹ کیخلاف بیان قابل قبول نہیں: اسپیکر قومی اسمبلی

وزیر قانون جج کو پیغام دیں، پارلیمنٹ کیخلاف بیان قابل قبول نہیں: اسپیکر قومی اسمبلی

قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی کو "جعلی" قرار دینے کے بیانات اور ایک معزز جج کی جانب سے ایوان کے بارے میں دیے گئے ریمارکس کو ناقابل قبول قرار دے دیا۔

 انہوں نے وزیر قانون کو ہدایت دی کہ وہ متعلقہ جج کو یہ پیغام پہنچائیں کہ ایسے بیانات پارلیمنٹ کے لیے کسی صورت قابل قبول نہیں ہیں۔یہ معاملہ اس وقت اٹھا جب قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے ایوان کو "جعلی" قرار دیا، جس پر اسپیکر نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ اسمبلی جعلی ہے تو پھر اس سے تنخواہیں لینے کا کیا جواز ہے؟ انہوں نے کہا کہ جو اراکین تنخواہ لینا نہیں چاہتے، وہ تحریری طور پر دستبرداری کا اعلان کریں۔

اسپیکر ایاز صادق نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے ایک معزز جج کے بیان پر بھی اعتراض کیا، جس میں مبینہ طور پر کہا گیا تھا کہ "ایگزیکٹو اور جوڈیشری کلیپس کر گئی"۔ انہوں نے وزیر قانون کو ہدایت دی کہ وہ جج کو واضح طور پر آگاہ کریں کہ پارلیمنٹ کے خلاف اس طرح کے بیانات قابل قبول نہیں ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ ریاست کا سب سے مقدس ادارہ ہے اور اس کی توہین کسی بھی صورت میں برداشت نہیں کی جائے گی۔