ویب ڈیسک:بھارت کی جانب سے پاکستانی میڈیا پر پابندیوں کا سلسلہ جاری ہے، جس میں تازہ ترین اقدام کے طور پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے سرکاری یوٹیوب چینل کو بلاک کر دیا گیا ہے۔
یہ پابندی مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں پیش آنے والے حملے کے بعد عائد کی گئی ہے۔رپورٹس کے مطابق چینل پر ایک ویڈیو اپ لوڈ کی گئی تھی جس میں ایک فوجی تقریب کے دوران وزیراعظم کی شرکت دکھائی گئی تھی، جبکہ پس منظر میں قومی ترانہ چل رہا تھا۔ ویڈیو کا مقصد حب الوطنی کو اجاگر کرنا تھا، مگر بھارت نے اس ویڈیو کی بنیاد پر پورے چینل کو بند کر دیا۔ماہرین کے مطابق یہ اقدام اظہارِ رائے کی آزادی پر ایک کھلی پابندی ہے اور بھارت کے جمہوری دعووں پر سوالیہ نشان ہے۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ ایک منتخب جمہوری ملک کے وزیراعظم کے سرکاری چینل تک کو بلاک کرنا بھارت کی انتہاپسندانہ پالیسیوں اور عدم برداشت کی عکاسی کرتا ہے۔یہ عمل اس بھارتی رجحان کا تسلسل ہے جس میں پاکستان کے مثبت مؤقف، مواد اور حب الوطنی پر مبنی بیانیے کو دبانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ اس سے قبل بھی متعدد پاکستانی یوٹیوب چینلز اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بھارت میں بلاک کیا جا چکا ہے۔