یوٹیوب کا سخت ایکشن، ٹرمپ کا مذاق اڑانے والے معروف چینل کو اچانک بند کردیا گیا

یوٹیوب کا سخت ایکشن، ٹرمپ کا مذاق اڑانے والے معروف چینل کو اچانک بند کردیا گیا

ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے ایرانی حکومت کے حامی ایک چینل کو معطل کر دیا ہے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر اس فیصلے کے حوالے سے بحث شروع ہو گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ’ایکسپلوزو میڈیا‘ نامی چینل لیگو اسٹائل اے آئی ویڈیوز تیار کرتا تھا، جن میں ڈونلڈ ٹرمپ کو طنزیہ انداز میں پیش کیا جاتا تھا، جبکہ ویڈیوز میں جنگی مناظر اور عالمی رہنماؤں کی جھلکیاں بھی شامل ہوتی تھیں۔یوٹیوب انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ مذکورہ چینل نے پلیٹ فارم کی ’اسپام اور دھوکا دہی‘ سے متعلق پالیسی کی خلاف ورزی کی، جس کے باعث اسے معطل کیا گیا۔دوسری جانب چینل سے وابستہ افراد نے اس اقدام کو مسترد کرتے ہوئے اسے ’سنسرشپ‘ قرار دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اس چینل کی ویڈیوز لاکھوں بار دیکھی جا چکی تھیں اور وہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی تھیں، جس کے باعث اس کی رسائی کافی وسیع ہو گئی تھی۔ڈیجیٹل ماہرین کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارمز حالیہ برسوں میں اپنی پالیسیوں پر عملدرآمد سخت کر رہے ہیں، خاص طور پر ایسے مواد کے خلاف جو گمراہ کن یا قواعد کے منافی سمجھا جاتا ہو، تاہم اس طرح کے اقدامات اکثر آزادی اظہار اور سنسرشپ کے درمیان نئی بحث کو جنم دیتے ہیں۔