بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایک مرتبہ پھر کھیل میں سیاست کا رنگ ڈالتے ہوئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی لائیو اسٹریمنگ معطل کر دی ہے۔
اس اقدام کا آغاز اسپورٹس اسٹریمنگ چینل فینکوڈ نے کیا، جس نے ہندوستان میں پی ایس ایل کے 10ویں ایڈیشن کی تمام ویڈیوز اور میچز کی جھلکیاں ہٹا دیں۔بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے یہ قدم بھارت میں پاکستان کے خلاف جاری تنازعات اور پہلگام واقعہ کے بعد اٹھایا گیا ہے۔ فینکوڈ پی ایس ایل کا ڈیجیٹل اسٹریمنگ پارٹنر تھا، اور اس نے 11 اپریل سے شروع ہونے والے پی ایس ایل 10 کے ایڈیشن کی نشریات فوری طور پر بند کر دیں۔ یہ ٹورنامنٹ 18 مئی تک جاری رہے گا۔اس کے ساتھ ہی، بھارتی اسپورٹس پارٹنرز جیسے سونی نیٹ ورک کی جانب سے بھی اسی نوعیت کے اقدامات اٹھائے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔دوسری طرف، انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے پی ایس ایل کے بائیکاٹ کے مطالبات میں شدت آ گئی ہے، اور انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) کے بائیکاٹ کی مہم بھی زور پکڑ رہی ہے۔