کورنگی کراسنگ کے قریب واٹر ٹینکر کی زد میں آکر خاتون جاں بحق

کورنگی کراسنگ کے قریب واٹر ٹینکر کی زد میں آکر خاتون جاں بحق

کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ اور قیوم آباد کے درمیان افسوسناک حادثے میں ایک موٹر سائیکل سوار خاتون واٹر ٹینکر کی ٹکر سے جاں بحق ہو گئیں جبکہ ان کے ساتھ موجود مرد شدید زخمی ہو گیا۔

واقعہ ملیر ندی کے قریب پیش آیا، جس کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل کو ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں خاتون موقع پر ہی دم توڑ گئیں اور مرد زخمی ہو کر زمین پر گر گیا۔ اطلاع ملنے پر بڑی تعداد میں مقامی افراد جائے وقوعہ پر جمع ہو گئے۔شدید غم و غصے کے عالم میں شہریوں نے واٹر ٹینکر کو آگ لگا دی جبکہ ٹینکر کے کلینر کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا، جس سے وہ بری طرح زخمی ہو گیا۔ پولیس اور فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پایا اور جلتے ہوئے ٹینکر کی آگ بجھائی۔

واقعے کے بعد پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ ٹینکر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا، جس کی تلاش جاری ہے۔کراچی میں رواں سال کے صرف چار ماہ میں ٹریفک حادثات میں 301 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں 96 افراد ہیوی ٹریفک کے باعث اپنی جانوں سے گئے۔ اعداد و شمار کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 234 مرد، 27 خواتین، 32 بچے اور 8 بچیاں شامل ہیں، جبکہ 4 ہزار سے زائد افراد مختلف حادثات میں زخمی ہو چکے ہیں۔