غیر قانونی کال سینٹر کیس: ارمغان کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کا فیصلہ

غیر قانونی کال سینٹر کیس: ارمغان کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کا فیصلہ

کراچی کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت جنوبی نے غیر قانونی کال سینٹر چلانے کے مقدمے میں ملزم ارمغان کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

 عدالت میں اس مقدمے کی سماعت کے دوران سائبر کرائم کی جانب سے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پیش کی گئی۔تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم ارمغان کے خلاف غیر قانونی کال سینٹر چلانے اور ڈیجیٹل کرنسی کی منتقلی کا الزام ہے۔ تفتیشی افسر نے مزید بتایا کہ ملزم ارمغان اس وقت دوسرے مقدمے میں جیل میں موجود ہے۔عدالت نے تفتیشی افسر سے سوال کیا کہ ملزم کہاں قید ہے، جس پر تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ وہ دیگر مقدمے میں جیل میں ہیں۔ عدالت نے حکم دیا کہ ملزم ارمغان کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا جائے تاکہ کیس کی سماعت جاری رکھی جا سکے۔

بعد ازاں عدالت نے سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کر دی۔اس کے علاوہ، قائم مقام پراسیکیوٹر جنرل منتظر مہدی نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم ساحر حسن کی درخواست ضمانت منظور ہو گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدالت نے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی ہے کہ منشیات کے کیسز کے لیے خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں۔ منتظر مہدی نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ قانون سازی کے بعد ان عدالتوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا، اور اس میں تھوڑا وقت لگے گا۔