پی آئی اے کی پہلی حج پرواز کراچی سے مدینہ روانہ، 397 عازمین سوار

پی آئی اے کی پہلی حج پرواز کراچی سے مدینہ روانہ، 397 عازمین سوار

کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے قبل از حج آپریشن کا باقاعدہ آغاز کراچی سے کر دیا ہے، جہاں سے پہلی حج پرواز پی کے 743 397 عازمین حج کو لے کر علی الصبح مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوئی۔

عازمین حج کو پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر خرم مشتاق نے رخصت کیا۔ اس موقع پر ایک سادہ مگر پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں پی آئی اے حکام نے حاجیوں کو پھول اور تحائف پیش کیے اور فریضۂ حج کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ تقریب میں پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں کی درخواست بھی کی گئی۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق، قبل از حج آپریشن کے تحت اب تک مختلف شہروں سے 2500 سے زائد عازمین حج سعودی عرب روانہ کیے جا چکے ہیں۔ اس آپریشن کے لیے پی آئی اے بوئنگ 777 اور ایئربس 320 طیارے استعمال کر رہی ہے۔

 کراچی سے حج آپریشن کی تفصیل:
کل عازمین: 7,200 سے زائد
پروازوں کی تعداد: 39 خصوصی پروازیں
پہلے مرحلے میں پروازیں مدینہ، دوسرے مرحلے میں جدہ روانہ ہوں گی۔پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق، قومی ایئرلائن 117 سے زائد خصوصی پروازوں کے ذریعے تقریباً 35,200 سرکاری عازمین حج کو حجاز مقدس پہنچائے گی۔پی آئی اے کی حج پروازیں ملک کے مختلف شہروں سے روانہ ہو رہی ہیں جن میں کراچی، لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ، ملتان اور پشاور شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق، قبل از حج آپریشن 31 مئی تک جاری رہے گا۔عازمین حج نے پی آئی اے کی سہولیات، وقت کی پابندی، اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور دعا کی کہ یہ سفر خیروخوبی سے مکمل ہو۔