پولیس نے سہیل آفریدی کے قافلے کو فیکٹری ناکے پر آگے بڑھنے سے روک دیا

پولیس نے سہیل آفریدی کے قافلے کو فیکٹری ناکے پر آگے بڑھنے سے روک دیا

اڈیالہ جیل میں قید عمران خان سے ملاقات کے لیے ان کی بہنیں نورین نیازی اور عظمیٰ خان فیکٹری ناکے پر پہنچ گئیں، جہاں پولیس نے ملاقات کے لیے آنے والے قافلوں کو آگے بڑھنے سے روک دیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سرکاری پروٹوکول کے ساتھ گورکھ پور ناکے پر پہنچے، جہاں ان کے قافلے کو پولیس نے روک لیا۔ وزیراعلیٰ اپنے کابینہ ارکان کے ہمراہ فیکٹری ناکے کے مقام پر موجود رہے تاہم انہیں آگے جانے کی اجازت نہ دی گئی۔ذرائع کے مطابق صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب عمران خان سے ملاقات کے لیے مختلف رہنماؤں اور اہلخانہ کی آمد کا سلسلہ جاری تھا، تاہم سیکیورٹی اور انتظامی وجوہات کے باعث پولیس نے ناکوں پر سخت چیکنگ اور نقل و حرکت محدود کر دی۔

اطلاعات کے مطابق وزیراعلیٰ کے قافلے اور پولیس کے درمیان مختصر وقت کے لیے صورتحال کشیدہ رہی، تاہم کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی۔ دونوں اطراف کی موجودگی کے باعث علاقے میں ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔حکام کے مطابق سیکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ناکوں پر تعینات اہلکاروں کو مزید الرٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ ملاقات سے متعلق آئندہ فیصلے اعلیٰ سطح پر متوقع ہیں۔