ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے سخت ہدایات جاری کر دیں۔
وزیراعلیٰ سے اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن کے ایم ڈی افضال بھٹی نے ملاقات کی، جس میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل اور او پی ایس ہاؤسنگ سوسائٹی و سکول کے معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔مریم نواز نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی وطن عزیز کا سرمایہ ہیں اور حکومت ان کے مسائل کے حل کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ آفس، چیف سیکرٹری آفس اور آئی جی آفس میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے فوکل پرسن مقرر کر دیے گئے ہیں تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے معاملات جلد از جلد حل کیے جا سکیں۔اس موقع پر اوورسیز پاکستانی کمیشن پنجاب کو بھی فعال اور متحرک بنانے کے اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کی ہدایات دی ہیں تاکہ ان کی شکایات بلا تاخیر دور کی جائیں۔