دبئی: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنے اور کاروبار میں آسانی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔
دبئی میں وزیراعظم شہباز شریف سے معروف امریکی کاروباری شخصیت اور سرمایہ کار جینٹری بیچ نے ملاقات کی۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف، عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔
سرمایہ کاری کے مواقع اور حکومتی پالیسیوں پر گفتگو
وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کے دوران کہا کہ پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، اور بیرونی سرمایہ کاروں کے لیے یہ موزوں ترین وقت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی پالیسیوں کے نتیجے میں شرح سود میں کمی آئی ہے، جس سے کاروباری سرگرمیوں اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوا ہے۔وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں اور دونوں ممالک تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔
امریکی سرمایہ کار کا مثبت ردعمل
امریکی سرمایہ کار جینٹری بیچ نے پاکستان کے معاشی استحکام کی تعریف کی اور کہا کہ وہ پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کے منصوبوں پر جلد عملدرآمد کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومتی پالیسیوں کو سرمایہ کاری کے لیے سازگار قرار دیا اور پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔