بھارت: شدید بارش و لینڈ سلائیڈنگ سے 30 افرادہلاک

 ڈیڑھ ہزار سیاح پھنس گئے،آسام کے لیے اورینج اور باقی شمال مشرقی پٹی کے لیے ییلو الرٹ جاری 
نئی دہلی (آئی این پی ) بھارت کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 30 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ بڑی تعداد میں سیاح بھی لینڈ سلائیڈنگ کے بعد پھنس گئے ۔ بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کے مطابق ملک کے شمال مشرقی علاقے گواہٹی، آسام، اروناچل، میگھالیہ، منی پور اور میزورم کے علاقوں میں شدید بارشوں کے بعد سیلاب کی صورت حال ہے۔رپورٹ کے مطابق 14 افراد ہلاک ہوئے اور مجوعی طور پر 60 ہزار کے قریب افراد شدید متاثر ہوئے ہیں۔آسام میں پانچ اور اروناچل پردیش میں نو افراد ہلاک ہوئے جبکہ ایک اور واقعے میں کیمنگ کے علاقے میں گاڑی لینڈ سلائیڈنگ کے باعث برساتی نالے میں گر گئی جس کے نتیجے میں سات افراد ہلاک ہوئے۔ ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیاحتی مقام گوہاٹی بھی بارشوں سے شدید متاثر ہوا ہے اور وہاں موجود تقریبا ڈیڑھ ہزار سیاح سڑکیں بند ہونے کے باعث پھنس گئے ہیں، جبکہ آٹھ سیاحوں کے لاپتا ہو جانے کی بھی اطلاع ہے۔