اڑیسہ میں آٹھویں جماعت کی کتاب میں 'نمبوڑا نمبوڑا' کے بول شامل، شدید تنقید

اڑیسہ میں آٹھویں جماعت کی کتاب میں 'نمبوڑا نمبوڑا' کے بول شامل، شدید تنقید

بھارتی ریاست اڑیسہ میں آٹھویں جماعت کی نصابی کتاب میں بالی ووڈ کے مشہور گانے 'نمبوڑا نمبوڑا' کے بول شامل کیے جانے کے بعد نیا تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ گانا آٹھویں جماعت کی آرٹ ایجوکیشن کی نصابی کتاب 'کیرتی' میں شامل کیا گیا، جسے بھارت کی قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے تحت تیار کیا گیا تھا۔رپورٹ کے مطابق نصابی کتاب میں فلم 'ہم دل دے چکے صنم' کے معروف گانے 'نمبوڑا نمبوڑا' کے بول راجستھانی لوک گیت کے طور پر شامل کیے گئے ہیں۔ یہ گانا 1999 میں ریلیز ہونے والی فلم میں ایشوریہ رائے اور سلمان خان پر فلمایا گیا تھا۔نصابی کتاب کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین نے ریاست کے ثقافتی اور لوک ورثے کو فروغ دینے کے بجائے بالی ووڈ کے گانے کو نصاب کا حصہ بنانے پر شدید تنقید کی۔رپورٹس کے مطابق تنازع سامنے آنے کے بعد اڑیسہ کے وزیراعلیٰ موہن چرن ماجھی اور وزیر تعلیم نتیانند گونڈ نے فوری کارروائی کا حکم دیا، جبکہ ریاستی کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ (SCERT) کے سینئر عہدیداروں کو معطل کر دیا گیا۔

مزید بتایا گیا ہے کہ ریاستی حکومت نے ایس سی ای آر ٹی کے چھ اہلکاروں کے خلاف باضابطہ تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ایک خصوصی انکوائری کمیٹی بھی قائم کر دی ہے۔کمیٹی نے آئندہ نصابی کتب کے جائزے کے عمل کو مزید مؤثر بنانے اور اس نوعیت کی غلطیوں کی روک تھام کے لیے کوالٹی اشیورنس سیل قائم کرنے کی سفارش بھی کی ہے۔