اہلیہ کو دوبارہ ویڈیوز میں شامل کرنے پر یوٹیوبر اسد پرویز تنقید کی زد میں

اہلیہ کو دوبارہ ویڈیوز میں شامل کرنے پر یوٹیوبر اسد پرویز تنقید کی زد میں

پاکستانی یوٹیوبر اسد پرویز کو اپنی اہلیہ نمرہ کو دوبارہ سوشل میڈیا ویڈیوز میں شامل کرنے پر صارفین کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے۔

 سوشل میڈیا صارفین نے ان کے سابقہ مؤقف اور حالیہ اقدام پر سوالات اٹھاتے ہوئے اسے تضاد قرار دیا ہے۔اسد پرویز اور ان کی اہلیہ نمرہ کم عمری میں شادی کے باعث سوشل میڈیا پر خاصی شہرت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔ شادی کے بعد دونوں نے فیملی ولاگنگ کا آغاز کیا، جس کے ذریعے ان کی روزمرہ زندگی، گھریلو معاملات اور مختلف سرگرمیاں مداحوں کے سامنے آتی رہیں۔تاہم کچھ عرصہ قبل اسد پرویز نے اپنے مذہبی رجحان کے باعث نجی زندگی کو سوشل میڈیا سے دور رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس فیصلے کے بعد انہوں نے فیملی ولاگنگ سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے اپنی توجہ کاروباری سرگرمیوں پر مرکوز کر دی تھی۔حال ہی میں اسد پرویز نے اپنے بیوٹی برانڈ کی تشہیر کے لیے ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں ان کی اہلیہ نمرہ بھی نظر آئیں۔

ویڈیو میں نمرہ نقاب پہنے ہوئے دکھائی دیں، تاہم ان کی دوبارہ ویڈیو میں موجودگی سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئی۔ویڈیو سامنے آنے کے بعد بعض صارفین نے اسد پرویز کے سابقہ فیصلے پر سوالات اٹھائے۔ ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر نمرہ نقاب کرتی ہیں تو انہیں دوبارہ سوشل میڈیا ویڈیوز میں شامل کرنے کی ضرورت کیوں پیش آئی؟دیگر صارفین نے بھی جوڑے کے حالیہ اقدام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پہلے نجی زندگی کو سوشل میڈیا سے دور رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، لیکن اب تشہیری مقاصد کے لیے دوبارہ اہلیہ کو ویڈیوز میں شامل کیا جا رہا ہے۔