بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے بھائی اور سابق اداکار فیصل خان نے ماضی میں اپنے خاندان، خصوصاً عامر خان، کے خلاف دیے گئے بیانات پر معذرت کر لی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوٹیوبر اجول ترویدی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں فیصل خان نے کہا کہ وہ سب سے پہلے اپنی والدہ اور بہن سے معافی مانگنا چاہتے ہیں، کیونکہ انہوں نے جذبات میں آ کر کئی ایسی باتیں عوامی سطح پر بیان کیں جو انہیں نہیں کرنی چاہئیں تھیں۔فیصل خان نے اعتراف کیا کہ انہوں نے عامر خان، اپنی بہن نگہت اور ان کے شوہر سنتوش ہیج کے بارے میں بھی نامناسب باتیں کیں، جس پر انہیں افسوس ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ماضی کی تلخیاں ختم ہوں اور خاندان کے ساتھ ان کے تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ عامر خان اور گوری اسپراٹ کی شادی سے قبل تعلقات بہتر ہو جائیں تاکہ وہ خوشی سے اپنے بھائی کی شادی میں شریک ہو سکیں۔
فیصل خان نے اپنی ذہنی صحت سے متعلق تنازع پر بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کی ہدایت پر سرکاری اسپتال میں معائنے کے بعد انہیں ذہنی طور پر صحت مند قرار دیا گیا تھا۔ان کے مطابق ممکن ہے ابتدائی تشخیص درست نہ ہو اور بعض ڈاکٹروں نے ان کے اہلِ خانہ کو غلط معلومات فراہم کی ہوں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کا خاندان ماضی کی غلط فہمیوں کو بھلا کر ان پر دوبارہ اعتماد کرے گا اور انہیں نئی شروعات کا موقع دے گا۔