اداکار عامر خان کا خود پر تنقید کرتے ہوئے بیٹی ایرا کے ساتھ ماضی کی دوری کا اعتراف

اداکار عامر خان کا خود پر تنقید کرتے ہوئے بیٹی ایرا کے ساتھ ماضی کی دوری کا اعتراف

عامر خان کا جذباتی اعتراف: "بیٹی کی زندگی کے قیمتی لمحات کھو دیے، یہ میری سب سے بڑی کمی ہے"

ویب ڈیسک: بالی وُڈ کے مشہور اداکار عامر خان نے حال ہی میں ذہنی صحت، والدین کی علیحدگی، اور بیٹی ایرا خان کے ساتھ تعلقات پر جذباتی گفتگو کرتے ہوئے کئی تلخ حقائق اور اندرونی احساسات کا اعتراف کیا۔یہ گفتگو ”اگاتسو“ نامی ذہنی صحت سے متعلق فاؤنڈیشن کے تحت ایک انٹرویو میں ہوئی، جس میں عامر خان اور ان کی بیٹی ایرا خان نے مشترکہ طور پر شرکت کی۔ اس انٹرویو میں نہ صرف باپ بیٹی کے رشتے کی پیچیدگیاں سامنے آئیں، بلکہ ماضی کی تلخیاں، جذباتی سچائیاں اور ندامت بھرے احساسات نے بھی ناظرین کو متاثر کیا۔عامر خان نے کہا:"میں اپنی فلموں میں اتنا کھو گیا تھا کہ بیٹی کے بچپن کا حصہ نہ بن سکا۔ جب احساس ہوا، تب تک بہت دیر ہو چکی تھی۔ یہ میری زندگی کی سب سے بڑی کمی ہے۔"انہوں نے بتایا کہ والد کے طور پر غیرموجودگی کا انہیں گہرا احساس جرم ہے، اور جب یہ بات سمجھ میں آتی ہے کہ وقت واپس نہیں آتا تو دل کو بہت تکلیف ہوتی ہے۔عامر نے مزید کہا:"میں جذبات کو دباتا نہیں بلکہ ان کے ساتھ جیتا ہوں۔ چاہے وہ فلم کی ناکامی ہو یا بطور والد میری کمی، میں ان کا سامنا کرتا ہوں کیونکہ اگر انہیں دباؤں گا تو وہ اندر ہی اندر مجھے کھا جائیں گے۔"
ایرا خان بھی اس گفتگو کے دوران جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں۔ انہوں نے کہا:"پاپا خود پر بہت بوجھ ڈال لیتے ہیں، جتنا میں بھی نہیں ڈالتی۔ میں جانتی ہوں کہ ماضی میں میں بھی کچھ باتوں پر مناسب ردعمل نہیں دے سکی۔"والدین کی طلاق پر بات کرتے ہوئے ایرا نے کہا:"ماں باپ کی علیحدگی نے میرے اندر بہت کچھ توڑ دیا۔ لیکن میں اب خود کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہی ہوں۔ مجھے یہ سمجھنا ہوگا کہ مجھے کس بات پر غصہ ہے تاکہ میں معاف کر سکوں۔"یاد رہے کہ ایرا خان حال ہی میں اپنے قریبی دوست نوپور شکری کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ چکی ہیں۔دوسری جانب عامر خان اداکاری سے طویل وقفے کے بعد اب اپنی نئی فلم ”ستارے زمین پر“ کے ذریعے سکرین پر واپسی کر رہے ہیں، جو ان کی 2008 کی بلاک بسٹر فلم ”تارے زمین پر“ کا سیکوئل تصور کی جا رہی ہے۔ شائقین اس فلم سے ایک بار پھر ایک جذباتی، دل چھو لینے والی کہانی کی توقع کر رہے ہیں۔