کترینہ کیف پر نامناسب تبصرہ، سلمان خان کے خلاف بولنے پر آر جے نے معافی مانگ لی

کترینہ کیف پر نامناسب تبصرہ، سلمان خان کے خلاف بولنے پر آر جے نے معافی مانگ لی

ممبئی: بالی ووڈ اداکار سلمان خان کی جانب سے خواتین کو وزن کے حوالے سے ٹرول کرنے والوں پر تنقید کے بعد کترینہ کیف کے وزن پر تبصرہ کرنے والے پاکستانی ریڈیو میزبان ڈاکٹر اعجاز وارث نے اپنے الفاظ پر معذرت کرلی۔

ڈاکٹر اعجاز وارث نے انسٹاگرام پر جاری کی گئی ویڈیو میں اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ’بگ باس 20‘ میں سلمان خان کی گفتگو دیکھی، جس کے بعد انہیں احساس ہوا کہ کترینہ کیف کے بارے میں انہیں ایسے الفاظ استعمال نہیں کرنے چاہیے تھے۔انہوں نے کہا کہ کترینہ کیف کے وزن سے متعلق بات انہوں نے ویڈیو کو دلچسپ بنانے اور مذاق کے طور پر کہی تھی، تاہم ان کا مقصد اداکارہ کو ’باڈی شیم‘ کرنا نہیں تھا۔پاکستانی آر جے نے اعتراف کیا کہ ان کے استعمال کیے گئے الفاظ تکلیف دہ ہو سکتے ہیں اور اگر ان کی گفتگو سے کترینہ کیف یا کسی اور کو دکھ پہنچا تو وہ اس پر معذرت خواہ ہیں۔ڈاکٹر اعجاز وارث نے کترینہ کیف اور اپنے تبصرے سے دکھی ہونے والے تمام افراد سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے الفاظ واپس لینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کا مقصد کسی کی تضحیک یا جسمانی ساخت کو نشانہ بنانا نہیں تھا۔یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب سلمان خان نے حال ہی میں ’بگ باس 20‘ کے دوران حمل کے باعث خواتین کے وزن میں اضافے پر انہیں ٹرول کرنے والوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

سلمان خان نے گفتگو کے دوران کہا کہ حمل کے بعد خواتین کا وزن بڑھنا ایک معمول کی بات ہے اور اس مرحلے کے بعد جب کترینہ کیف دوبارہ فلموں میں کام شروع کریں گی تو وہ خود کو فٹ کرلیں گی۔سلمان خان کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر بھی جسمانی ساخت اور وزن سے متعلق تبصروں کے حوالے سے بحث دیکھنے میں آئی۔ اسی تناظر میں ڈاکٹر اعجاز وارث نے اپنے سابقہ تبصرے پر وضاحت پیش کرتے ہوئے معذرت کی اور کہا کہ ان کی بات کو مذاق کے طور پر لیا جائے، تاہم اگر اس سے کسی کو تکلیف پہنچی تو وہ اس پر معذرت خواہ ہیں۔کترینہ کیف کے وزن اور ذاتی زندگی سے متعلق تبصرے اس سے قبل بھی سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کرتے رہے ہیں، تاہم حالیہ معاملے میں سلمان خان کے بیان کے بعد پاکستانی آر جے کی جانب سے سامنے آنے والی معذرت نے بھی توجہ حاصل کی ہے۔