بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے بھائی، سہیل خان، نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو کے بعد معافی مانگ لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، سہیل خان کی ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی، جس میں انہیں ممبئی کے باندرہ علاقے کی سڑکوں پر بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلاتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس ویڈیو پر صارفین نے شدید تنقید کی، کیونکہ ممبئی جیسے مصروف شہر میں موٹرسائیکل حادثات عام ہیں اور کسی معروف اداکار کا بغیر ہیلمٹ سڑک پر نکلنا قابل افسوس سمجھا گیا۔ردِعمل کے بعد، 54 سالہ اداکار نے اپنی غلطی تسلیم کرتے ہوئے انسٹاگرام پر مندرجہ بالا وضاحت اور معافی جاری کی۔ انہوں نے اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ مانتے ہیں کہ ان کا یہ عمل غلط تھا اور تمام بائیک سواروں سے درخواست کی کہ وہ لازمی طور پر ہیلمٹ پہنیں۔ سہیل خان کا کہنا تھا کہ بعض اوقات گھبراہٹ کی وجہ سے وہ ہیلمٹ نہیں پہنتے، مگر یہ کوئی جواز نہیں، اور مستقبل میں وہ قانون کی پابندی کریں گے۔
اداکار نے یہ بھی وضاحت کی کہ انہیں موٹرسائیکل چلانے کا شوق بچپن سے ہے، جو پہلے بی ایم ایکس سائیکل سے شروع ہوا اور اب بائیک تک پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ رات کے وقت کم ٹریفک میں، آہستہ رفتار سے اور گاڑی کے ساتھ چلتے ہیں تاکہ خطرات کم ہوں۔ انہوں نے ٹریفک پولیس سے معذرت بھی کی اور وعدہ کیا کہ وہ آئندہ قوانین کی مکمل پابندی کریں گے۔ آخر میں، سہیل خان نے کہا کہ جو لوگ ہمیشہ ہیلمٹ پہنتے ہیں، وہ قابلِ تحسین ہیں کیونکہ حفاظت سب سے اہم ہے۔