لاہور میں 51 ، دیگر اضلاع میں 11 غیر مسلم شہریوں کو کریکٹر سرٹیفکیٹس

 اقلیتی  شہریوں اور دیگر اضلاع کے 40 افراد کی پولیس ویری فکیشن مکمل کی گئی
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس کے میثاق سنٹرز اقلیتی برادری کو قانونی اور پولیسنگ سہولیات کی فراہمی میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں ماہ مجموعی طور پر 419 اقلیتی شہریوں کو مختلف قانونی خدمات فراہم کی گئیں۔اعداد و شمار کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں 51 جبکہ دیگر اضلاع میں 11 غیر مسلم شہریوں کو کریکٹر سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے۔ اسی طرح 301 اقلیتی  شہریوں اور دیگر اضلاع کے 40 افراد کی پولیس ویری فکیشن مکمل کی گئی۔میثاق سنٹرز میں شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لیے بھی اقدامات کیے گئے، جن کے تحت 10 کرائم رپورٹس اور 3 گمشدگی رپورٹس کا اندراج کیا گیا، جبکہ 3 درخواست گزاروں کو ایف آئی آرز کی نقول فراہم کی گئیں۔سی سی پی او لاہور کا کہنا ہے کہ لاہور پولیس تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو بلا امتیاز خدمات فراہم کر رہی ہے اور میثاق سنٹرز کے ذریعے اقلیتی برادری کو پولیسنگ سے متعلق سہولیات ایک ہی چھت تلے مہیا کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سنٹرز میں خواتین، بزرگ شہریوں اور معذور افراد کے لیے خصوصی انتظامات بھی موجود ہیں۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ میثاق سنٹرز اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں اور پولیس نہ صرف قانونی خدمات فراہم کر رہی ہے بلکہ اقلیتی عبادت گاہوں کے تحفظ کو بھی یقینی بنا رہی ہے۔