لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور پولیس کے خدمت کاونٹرز شہریوں کی سہولت کے لیے 24 گھنٹے فعال ہیں اور رواں سال اب تک 11 ہزار سے زائد میڈیکولیگل سرٹیفکیٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔ یہ بات لاہور پولیس کے ترجمان نے اپنے بیان میں بتائی۔ ترجمان پولیس کے مطابق مختلف سرکاری ہسپتالوں میں قائم پولیس خدمت کاونٹرز سے جنرل ہسپتال سے 2260، جناح ہسپتال سے 1757، سروسز ہسپتال سے 1390، میو ہسپتال سے 669، گنگا رام ہسپتال سے 486 اور میاں منشی ہسپتال سے 1275 میڈیکولیگل سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے۔ اسی طرح کوٹ خواجہ سعید ہسپتال سے 1361، نواز شریف ہسپتال سے 366، رورل ہیلتھ سینٹر برکی سے 365، اعوان ڈھائے والا سے 379، مانگا منڈی سے 308، رائیونڈ سے 410 اور چوہنگ سے 292 سرٹیفکیٹس کا اجراء عمل میں لایا گیا۔ اسی عرصے کے دوران پولیس خدمت کاونٹرز کے ذریعے 2455 پولیس ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو علاج معالجے کی سہولیات بھی فراہم کی گئیں۔ اس موقع پر سی سی پی او لاہور، بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ پولیس خدمت کاونٹرز شہریوں اور پولیس ملازمین کو میڈیکل پولیس ویریفکیشن اور علاج معالجے میں بھرپور معاونت فراہم کر رہے ہیں اور بروقت ریلیف کی فراہمی کا مئوثر ذریعہ ثابت ہو رہے ہیں۔ سی سی پی او لاہور نے ہدایت کی کہ خدمت کاونٹرز کا عملہ پولیس ملازمین کے بروقت علاج اور طبی معاونت کو ہر صورت یقینی بنائے تاکہ شہریوں اور پولیس اہلکاروں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔