میثاق سنٹرز سے رواں سال 1865 اقلیتی شہریوں کو کریکٹر سرٹیفکیٹس

اقلیتی شہریوں اور دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے 6590 افراد کی پولیس ویری فکیشن کی گئی
 لاہور( کرائم رپورٹر)میثاق سنٹرز اقلیتی شہریوں کے حقوق کے تحفظ، مسائل کے فوری حل اور انہیں قانونی سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ رواں سال لاہور پولیس کے میثاق سنٹرز کے ذریعے 19 ہزار سے زائد اقلیتی شہریوں کو قانونی خدمات فراہم کی گئیں۔ترجمان لاہور پولیس کے مطابق میثاق سنٹرز سے رواں سال 1865 اقلیتی شہریوں کو کریکٹر سرٹیفکیٹس جاری کیے گئے،جبکہ 11 ہزار 204 اقلیتی شہریوں اور دیگر اضلاع سے تعلق رکھنے والے 6590 افراد کی پولیس ویری فکیشن بھی کی گئی۔ اس دوران میثاق سنٹرز میں 79 کریمنل، 73 گمشدگی اور 153 بے وسیلہ افراد کی رپورٹس بھی درج کی گئیں۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ میثاق سنٹرز اقلیتی شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور انہیں سہولیات فراہم کرنے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ اقلیتی برادری کو درپیش مسائل کا فوری حل اور انہیں ریلیف فراہم کرنا لاہور پولیس کی ذمہ داری ہے، جس کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میثاق سنٹرز کا قیام ایک پْرامن، ہم آہنگ اور متوازن معاشرے کی تشکیل کی جانب اہم سنگ میل ہے۔ لاہور پولیس اقلیتی شہریوں کی جان و مال اور عبادت گاہوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے