اسلام آباد پولیس کی شاندار کارکردگی؛ محسن نقوی کی 15 ہائی پروفائل کیسز کے حل پر ٹیم کو خراج تحسین

اسلام آباد پولیس کی شاندار کارکردگی؛ محسن نقوی کی 15 ہائی پروفائل کیسز کے حل پر ٹیم کو خراج تحسین

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس کی اُس ٹیم سے ملاقات کی جس نے ثناء یوسف اور سردار فہیم سمیت 15 ہائی پروفائل اور اندھے قتل کیسز کو قلیل مدت میں حل کیا۔

 ملاقات میں وزیر داخلہ نے پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں "پیشہ ورانہ مہارت کی اعلیٰ مثال" قرار دیا۔محسن نقوی نے آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی، ڈی آئی جی جواد طارق، ایس ایس پی شعیب، ایس ایس پی عثمان طارق بٹ، ایس پی سلیمان ظفر، ایس پی کاظم نقوی، اے ایس پی علی رضا، اسسٹنٹ ڈائریکٹر عباس مہدی، ڈی ایس پی سلیمان شاہ اور متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز و انویسٹی گیشن ٹیم کے اہلکاروں سے ملاقات کی اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ:"اسلام آباد پولیس نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز سے کئی حساس اور پیچیدہ کیسز حل کیے، خاص طور پر سردار فہیم قتل کیس میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال قابلِ ستائش ہے۔"
وفاقی وزیر داخلہ نے اُمید ظاہر کی کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اسی جذبے سے اپنی خدمات جاری رکھے گی۔اس موقع پر محسن نقوی نے 21 سال سے بطور کانسٹیبل خدمات انجام دینے والے رانا وسیم کی کارکردگی کو بھی سراہا اور انہیں قواعد کے مطابق ترقی دینے کی ہدایت جاری کی۔ملاقات کا مقصد پولیس افسران اور جوانوں کی حوصلہ افزائی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو اجاگر کرنا تھا تاکہ وہ مستقبل میں بھی عوام کی خدمت کے لیے پرعزم رہیں۔