بہاولپور: طالبات سے بھری وین میں آتشزدگی، ایک طالبہ جاںبحق، 9زخمی

طالبات احمد پورشرقیہ امتحان دے کرواپس جارہی تھیں،ٹول پلازہ کے قریب گیس لیکیج کے باعث وین میں آگ لگ گئی
بہاولپور(آئی این پی )بہاولپور کی تحصیل احمد پور شرقیہ میں ایل پی جی گیس لیکیج کے باعث طالبات سے بھری وین میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں ایک طالبہ جاںبحق جبکہ 9طالبات بری طرح جھلس گئیں۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بہالپور کی تحصیل احمد پور شرقیہ میں طالبات سے بھری وین میں آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں ایک طالبہ دم توڑ گئی جبکہ9طالبات بری طرح جھلس گئیں، جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔ریسکیو حکام کے مطابق متاثرہ طالبات احمد پورشرقیہ میں امتحان دے کر واپس جارہی تھیں، زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کرکے وین میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ریسکیو کے مطابق واقعہ ٹول پلازہ کے قریب وین میں موجود ایل پی جی گیس کے سلنڈر میں لیکیج کے باعث پیش آیا۔موٹروے پولیس کے ترجمان سید عمران احمد کے مطابق وین میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی،جب گاڑی میں 18طالبات سوار تھیں ۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور طالبات کو وین سے نکالا گیا۔ترجمان کے مطابق حادثے کے فورا ًبعد ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔