مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوج کا ٹرک کھائی میں جاگرا، 5اہلکار ہلاک، 9زخمی

ٹرک مراٹھا لائٹ انفنٹری کے اہلکاروں کو نیلم ہیڈ کوارٹر سے لے کر بالنوئی گوہرہ پوسٹ جا رہاتھا
   سرینگر(آئی این پی )مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کا ایک ٹرک کھائی میں گرنے کے نتیجے میں 5بھارتی فوجی ہلاک اور 9زخمی ہوگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ترجمان بھارتی فوج نے بتایا ہے کہ ٹرک موڑ کاٹتے ہوئے 300فٹ گہری کھائی میں گرا ، واقعے میں کسی قسم کی دہشت گردی کا عنصر مسترد کرتے ہیں۔حادثے کی اطلاع ملتے ہیں کوئیک ریسپانس فورس اور مقامی پولیس اہلکار ریسکیو آپریشن کے لیے پہنچ گئے۔ ریسکیو آپریشن کے دوران کھائی سے 5 فوجیوں کی لاشیں نکالی گئی ہیں جب کہ دیگر 5 اہلکاروں کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق دو اہلکاروں کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی شناخت اور تفصیلات نہیں بتائیں گئیں۔حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی11مراٹھا لائٹ انفنٹری کے اہلکاروں کو نیلم ہیڈ کوارٹر سے لے کر بالنوئی گوہرہ پوسٹ جا رہی تھی۔حادثے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔