غزہ میں اسرائیلی بمباری: فلمساز و صحافی سمیت مزید95فلسطینی شہید

حملہ ایک کیفے پرکیاگیا جس میں لوگ پناہ لیے ہوئے تھے،شہید ہونیوالوں میں اسماعیل ابوحطاب بھی شامل، اسرائیل جنگ بندی اور امن کیخلاف ہے، حماس رہنما اسامہ حمدان
غزہ (آئی این پی )غزہ میں جنگ بندی کے لئے جاری دبائو کے باوجود اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری سے ایک اور فلسطینی صحافی اسماعیل ابو حطاب اور فلمساز سمیت مزید 95 فلسطینی شہید ہوگئے۔ فلسطینی میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے گذشتہ روز ایک کیفے پر حملہ کیا جس میں غزہ کے بے گھر لوگ  پناہ لیے ہوئے تھے۔ رپورٹ کے مطابق کیفے پر بمباری سے21فلسطینی شہید ہوئے اور فلسطینی فلمساز، ڈائریکٹر اورصحافی اسماعیل ابو حطاب بھی شہید ہونے والوں میں شامل تھے۔ فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیلی بمباری میں خاتون صحافی بیان ابو سلطان بھی زخمی ہوئیں۔ فلسطینی میڈیا کے مطابق اسماعیل ابو حطاب کی شہادت کے بعد غزہ کے شہید صحافیوں کی تعداد 231ہوگئی ہے۔ دوسری جانب حماس رہنما اسامہ حمدان نے کہا کہ اسرائیل جنگ بندی اور امن کیخلاف ہے، ایک ماہ سے سیز فائر کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی گئی، حماس نے جنگ بندی کیلئے مکمل لائحہ عمل پیش کیا، ہم اپنے لوگوں کی حفاظت کیلئے جنگ بندی چاہتے ہیں۔اسامہ حمدان کا کہنا ہے کہ غزہ میں مزاحمت کی وجہ اسرائیلی جارحیت ہے، امریکا کی بھی جنگ بندی کے لئے پوزیشن واضح نہیں، امریکا دنیا میں نیتن یاہو کا امیج بہتر کرنے کیلئے کوشاں ہے۔