دیرالبلح پر فضائی حملے میں کم از کم 10 فلسطینی شہیداور درجنوں زخمی،شہداء میں دیر البلح کے میئر بھی شامل
غزہ (آئی این پی )اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں پر فوجی حملوں میں ایک صحافی سمیت کم از کم 22 فلسطینیوں کو شہیدکر دیا۔وسطی غزہ کی پٹی میں الاقصیٰ شہداء ہسپتال کے طبی ذرائع نے جرمن خبر رساں ایجنسی کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت میں بتایا کہ اسرائیلی فوج نے دیرالبلح پر فضائی حملے میں کم از کم 10 فلسطینیوں کو شہیداور درجنوں کو زخمی کر دیا۔ یہ حملہ بلدیہ کے مرکزی دفتر کی عمارت پر کیا گیا۔ذرائع نے مزید کہا کہ جاںبحق والوں میں دیر البلح کے میئر ذیاب اللوح بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ افراد کی لاشیں بمباری میں بری طرح مسخ ہوگئی تھیں، ان کے بکھرے اعضا جمع کرکے ہسپتال لائے گئے۔عینی شاہدین نے بتایا کہ دیر البلح میونسپلٹی کی عمارت کو متعدد میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا، جب کہ یہ جگہ بے گھر لوگوں سے بھری ہوئی تھی۔سول ڈیفنس کے ترجمان محمود بسال نے جرمن خبررساںادارے کو بتایا کہ اسرائیلی فوج نے غزہ شہر میں بے گھر ہونے والے افراد کی رہائش گاہوں والے تین سکولوں کو نشانہ بنا کر 11 فلسطینیوں کو شہید اور درجنوں کو زخمی کر دیا۔ ان سکولوں میں المقدسہ ، الماجدہ وسیلہ اور یافا خاندانوں کے لوگ پناہ لیے ہوئے تھے۔