صادق آباد:کچے کے ڈاکوئوں نے بچوں سمیت 13افراد کو اغواء کرلیا

اغواء کیے گئے تمام افراد کا تعلق رحیم آباد سے،ٹھیکیدار عبدالکریم منوانی کیساتھ لیبر کے طور پر کام کر رہے تھے، ڈاکوکچے کے جنگلات میں لے گئے
لاہور (آئی این پی )صادق آباد کے کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ عناصر نے ایک بار پھر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چیلنج کرتے ہوئے دو بچوں سمیت 13افراد کو اغواء کر لیا۔ واقعہ تھانہ سونمیانی ضلع راجن پور کی حدود میں پیش آیا، جہاں مسلح ڈاکو باغ کے علاقے میں کام کرنے والے مزدوروں کو اغواء کر کے لے گئے۔پولیس کے مطابق اغواء کیے گئے تمام افراد کا تعلق تحصیل صادق آباد کے علاقے رحیم آباد سے ہے اور یہ افراد ٹھیکیدار عبدالکریم منوانی کے ساتھ لیبر کے طور پر کام کر رہے تھے۔متاثرین میں دو کم سن بچے بھی شامل ہیں جنہیں ڈاکو دیگر مزدوروں کے ساتھ اغواء کر کے کچے کے جنگلات میں لے گئے۔