کچے کے ڈاکوں کے خلاف پولیس آپریشن بھرپور طاقت سے جاری رہے گا ‘ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا:آئی جی پنجاب پولیس
صادق آباد(آئی این پی)صادق آباد کے نواحی علاقے ماہی چوک کے قریب واقع پولیس چوکی پر رات گئے ڈاکوئوں نے راکٹ لانچر سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکار شہید جبکہ دو زخمی ہو گئے۔شہدا میں محمد عرفان، محمد سلیم، نخیل، کانسٹیبل خلیل اور غضنفر شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق واقعہ بستی شیخانی کے قریب پیش آیا۔ آئی جی پنجاب نے آر پی او بہاولپور سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور ڈی پی او رحیم یار خان کو فائرنگ میں ملوث ڈاکوں کی گرفتاری کا حکم دیا ہے۔آئی جی پنجاب نے اس بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا پولیس کا مورال بلند ہے اور ایسی بزدلانہ کارروائیاں جانیں قربان کرنے والی فورس کا مورال پست نہیں کر سکتیں‘ کچے کے ڈاکوئوں کے خلاف پولیس آپریشن بھرپور طاقت سے جاری رہے گا اور شہدا کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔