اڈا نول رائیونڈ کے قریب حادثہ میں ایک ہی خاندان کے 8افراد نے دم توڑ دیا ، وزیراعلیٰ پنجاب کا اظہار تعزیت
ملتان میں ٹرک الٹنے سے باپ بیٹی اور بیٹا،پاکپتن میں موٹرسائیکل اور ٹرالی میں ٹکر سے 2افراد چل بسے
قصور، ملتان ، پاکپتن، لاہور (خصوصی رپورٹ)مختلف ٹریفک حادثات میں 13افرادجاں بحق ، 3زخمی ہوگئے۔رائے ونڈ روڈ اڈا نول کے قریب تیز رفتارکیری ڈبہ روہی نالہ میں گرنے سے ایک ہی خاندان کے 8 افراد جاں بحق جبکہ 2شدید زخمی ہوگئے۔ حادثہ میں بھٹہ سوہن دین کے رہائشی خلیل ولد یونس مسیح، سلیم مسیح ولد یونس مسیح، عمران مسیح ولد منج مسیح، مقصود مسیح، سوہنی ولد نور مسیح، کوٹ مرادخاں قصور کے رہائشی کورنیلس بھٹی ولد صدیق، سنی ولد نور الٰہی اور طلحہ ولد یاسین موقع پر دم توڑگئے جبکہ ساجد ولد یونس وغیرہ شدید زخمی ہوگئے۔ زخمی نے بتایا کہ حادثہ ڈرائیور شکور کو نیند آنے کے باعث پیش ا?یا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔علاوہ ازیں ملتان میں موضع ٹاٹے پور ریلوے پھاٹک کے قریب بستی گلابی میں گھر کے کمرے کی چھت پر پتھروں سے بھرا ٹرک الٹنے سے باپ بیٹا اور بیٹی جاں بحق ہوگئے جبکہ دو افراد محفوظ رہے، ذرائع کے مطابق ٹرک سیپتھر اتارتے ہوئے گڑھے میں ٹائر پھنس جانے سے ٹرک کا توازن برقرار نہ رہا اور قریب ہی ایک گھر کی چھت پر الٹ گیا ، چھت کا سارا ملبہ پتھروں سمیت کمرے میں سوئے ہوئے افراد پر ا? گرا جس کے نیچے دب کر 40 سالہ اسلم ، 17 سالہ مزمل اور 15 سالہ فاطمہ موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ کمرے میں موجود دو افراد محفوظ رہے۔ اطلاع پر ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاشیں ملبے سے نکال کر نشتر ہسپتال منتقل کر دیں۔ پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی موسیٰ گیلانی نے واقعے پر انتہائی دکھ کا اظہار کیا اور نماز جنازہ میں شرکت کی۔دریں اثنا پاکپتن چن پیر روڈ، شبیر چوک کے قریب تیزرفتار موٹر سائیکل بے قابو ہو کر ٹریکٹر ٹرالی میں جا لگی، حادثہ میں موٹر سائیکل سوار 52 سالہ محمد اکرم ولد محمد ادریس اور 25 سالہ علی ولد حسن موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ 35 سالہ اصغر ولد یوسف شدید زخمی ہو گیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے شدید زخمی اور لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا۔