سابق ائیر مارشل نور خان کی صاحبزادی ڈاکٹر فائقہ نور خان امریکا میں کار حادثے میں جاں بحق

سابق ائیر مارشل نور خان کی صاحبزادی ڈاکٹر فائقہ نور خان امریکا میں کار حادثے میں جاں بحق

سابق سربراہ پاک فضائیہ ائیر مارشل نور خان کی صاحبزادی ڈاکٹر فائقہ نور خان امریکا میں پیش آنے والے ایک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق، ریاست ورجینیا کی کاؤنٹی ڈینوڈی میں ویک اینڈ کے دوران ایک کار حادثہ پیش آیا، جس میں 75 سالہ فائقہ آفتاب قریشی جان کی بازی ہار گئیں۔ورجینیا پولیس کے مطابق، ڈاکٹر فائقہ کی گاڑی سڑک سے ٹکرانے کے بعد جل گئی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔ڈاکٹر فائقہ قریشی نے 1993 میں بچوں کے "دی کنگز ڈاٹر اسپتال" میں بطور فزیشن خدمات کا آغاز کیا اور بعد ازاں طویل عرصے تک اسپتال کے ایمرجنسی ڈپارٹمنٹ میں میڈیکل ڈائریکٹر کے طور پر فرائض انجام دیتی رہیں۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق، ان کا بچوں اور اہلِ خانہ کے ساتھ گہرا تعلق تھا اور مستقبل کے ڈاکٹرز کی تربیت میں ان کا کردار دیرپا اثرات کا حامل رہا۔

ادھر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور نے بھی سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ڈاکٹر فائقہ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ ڈاکٹر فائقہ، سابق ائیر مارشل نور خان کی صاحبزادی تھیں، ادارے کی نمایاں طالبہ رہیں، 1973 میں گریجویشن مکمل کی اور بعد ازاں اسی ادارے میں بطور استاد خدمات سرانجام دیں۔