وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر تیزاب گردی کا شکار ہونے والی لیڈی ڈاکٹر ماہ نور ناصر کے بیرونِ ملک علاج کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
معاونِ خصوصی برائے اطلاعات بلوچستان شاہد رند کے مطابق چیف منسٹر سیکرٹریٹ کی جانب سے ڈاکٹر ماہ نور ناصر کے علاج کے لیے متعلقہ حکام کو باضابطہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے، جس کے بعد بیرونِ ملک علاج کے انتظامات کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر ماہ نور ناصر اس وقت Aga Khan University Hospital میں زیرِ علاج ہیں، جہاں ان کا علاج مزید ایک ہفتے تک جاری رہے گا۔ ابتدائی طبی مراحل مکمل ہونے کے بعد انہیں خصوصی علاج کے لیے امریکا منتقل کیا جائے گا۔شاہد رند کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان متاثرہ ڈاکٹر کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور علاج کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات تیزی سے کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کی مکمل بحالی اور علاج کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ انہیں جدید ترین طبی سہولیات میسر آ سکیں۔