یوکرین میں 5 لاکھ روسی ہلاک ہوئے ہیں, برطانوی ائیر چیف مارشل کا دعویٰ

یوکرین میں 5 لاکھ روسی ہلاک ہوئے ہیں, برطانوی ائیر چیف مارشل کا دعویٰ

ایک سینئر برطانوی دفاعی اہلکار نے دعویٰ کیا ہے کہ فروری 2022 میں روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے آغاز سے اب تک 5 لاکھ سے زائد روسی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔

برطانیہ کے دفاعی عملے کے سربراہ ایئر چیف مارشل سر رچرڈ نائٹن کے مطابق روسی فوج کی یہ ہلاکتیں یوکرین جنگ میں مجموعی طور پر 15 لاکھ روسی فوجی ہلاکتوں کے تخمینے کا حصہ ہیں۔برطانوی حکام کے مطابق یہ اعداد و شمار یوکرینی فوج کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار سے مطابقت رکھتے ہیں، تاہم روسی حکام کی جانب سے اس دعوے پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔برطانوی دفاعی حکام کا کہنا ہے کہ بڑی فوجی طاقت رکھنے کے باوجود روسی افواج کو یوکرین میں میدانِ جنگ میں پیش قدمی کے لیے مشکلات کا سامنا ہے۔ مغربی حکام اور دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق رواں سال روسی فوج کی پیش قدمی کی رفتار میں بھی نمایاں کمی آئی ہے۔

سر رچرڈ نائٹن نے صحافیوں کو بتایا کہ روسی مسلح افواج جنگ کے دوران بڑی مقدار میں فوجی سازوسامان بھی استعمال کرچکی ہیں۔ ان کے مطابق اس میں 10 ہزار سے زائد بکتر بند اور محفوظ گاڑیاں، تقریباً 3 ہزار فضائی دفاعی اور توپ خانے کے نظام، جبکہ 370 سے زائد طیارے اور ہیلی کاپٹر شامل ہیں۔برطانوی حکام کے مطابق روس کو بھاری فوجی و سازوسامانی نقصانات کے باوجود یوکرین میں اپنے جنگی اہداف کے حصول کے لیے مسلسل مزاحمت کا سامنا ہے۔