بسنت کا جنون ، پتنگ ڈور کی فروخت میں تیزی

 شہر مختلف رنگوں میں رنگ گیا،، جگہ جگہ پتنگوں کے ماڈل نصب، رنگ برنگی پتنگوں، گڈوں اور ڈور کی دکانیں سج گئیں 
 لاہور(سپیشل رپورٹر) لاہور کی فضاؤں میں بسنت کا جنون بڑھ گیا، شہر مختلف رنگوں میں رنگ گیا۔لبرٹی چوک پر سجائی گئی دو بڑی پتنگوں نے شہر کی خوبصورتی بڑھا دی، مختلف شاہراہیں بھی سجا دی گئیں، جگہ جگہ پتنگوں کے ماڈل نصب کر دیئے گئے، لاہور میں بسنت کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، رنگ برنگی پتنگوں، گڈوں اور ڈور کی دکانیں سج گئیں۔لاہور میں پتنگوں اور ڈور کی فروخت میں تیزی آ گئی ہے ، اب تک 2246 ٹریڈرز کو پتنگوں اور ڈور فروخت کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔لاہور کی ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پتنگوں اور ڈور کی خرید و فروخت کیلئے مجموعی طور پر 2504 درخواستیں موصول ہوئیں، 95 درخواستیں مسترد جبکہ 163 ٹریڈرز کی رجسٹریشن کاعمل جاری ہے۔انتظامیہ کا مزید کہنا ہے کہ پتنگوں اور ڈور کی خرید و فروخت کے ٹریڈرز کی رجسٹریشن کا عمل 8 فروری تک جاری رہے گا۔