وزیر داخلہ سندھ کا حکم: شبِ برات پر صوبہ بھر میں فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے

وزیر داخلہ سندھ کا حکم: شبِ برات پر صوبہ بھر میں فول پروف سیکیورٹی یقینی بنائی جائے

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے ہدایت دی ہے کہ شبِ برات کے موقع پر صوبے بھر میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

تفصیلات کے مطابق تمام اضلاع کے ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز کو ہدایت دی گئی ہے کہ مساجد، امام بارگاہوں، مزارات اور درگاہوں پر خصوصی سیکیورٹی اقدامات کیے جائیں۔وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ مذہبی اجتماعات، محافل شبِ برات اور کھلے مقامات پر اضافی نفری اور موبائل گشت بڑھایا جائے، اور ممکنہ حساس مقامات پر اسنیپ چیکنگ، واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹر کے استعمال کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزارات اور درگاہوں پر آنے والے زائرین کی سہولت اور سیکیورٹی کے لیے خصوصی پلان مرتب کرنے کی ہدایت بھی دی۔ وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ کھلے میدانوں اور قبرستانوں میں ہونے والی عبادات کے دوران بھی مؤثر سیکیورٹی فراہم کی جائے اور پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مکمل رابطہ اور کوآرڈی نیشن برقرار رہے۔

مزید برآں، ضیاء الحسن لنجار نے ہدایت دی کہ شبِ برات کے دوران کنٹرول رومز 24 گھنٹے فعال رکھے جائیں، کسی بھی مشتبہ سرگرمی پر فوری ردعمل اور بروقت کارروائی یقینی بنائی جائے، اور ٹریفک پولیس مذہبی مقامات اور بڑے اجتماعات کے اطراف ٹریفک مینجمنٹ پلان نافذ کرے۔