وزیر داخلہ سندھ کی رمضان میں فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت

وزیر داخلہ سندھ کی رمضان میں فول پروف سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت

کراچی میں ماہِ صیام 2026 کے دوران سیکیورٹی اور امن و امان کے لیے وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے اہم ہدایات جاری کی ہیں۔

 انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ اس مقدس مہینے میں صوبہ بھر میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں اور تین عشروں کے دوران خاص اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ مساجد، امام بارگاہوں، مزارات، درگاہوں اور تراویح اجتماعات کی خصوصی نگرانی کی جائے، اور افطار و سحر کے اوقات میں حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے۔ ساتھ ہی، مساجد اور مذہبی اجتماعات کے اطراف واک تھرو گیٹس اور جامع تلاشی نظام کو موثر بنانے کی ہدایت دی ہے۔وزیر داخلہ نے بڑے تجارتی مراکز، بازاروں اور شاپنگ مالز میں سیکیورٹی پلان کو بہتر بنانے، اسنیپ چیکنگ، موبائل گشت، اور انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کو تیز کرنے کا بھی کہا ہے۔ کمانڈ اور کنٹرول مانیٹرنگ کے ذریعے سی سی ٹی وی نگرانی کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا گیا ہے۔انہوں نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن کے قیام کے لیے علمائے اکرام سے رابطوں کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ افطار پوائنٹس اور دسترخوانوں کی سیکیورٹی کے لیے مقامی پولیس اور رضاکاروں کے ساتھ مؤثر کوآرڈینیشن کی ہدایت دی گئی ہے۔

ٹریفک انتظامات کے حوالے سے، انہوں نے کہا کہ مارکیٹس اور کاروباری مراکز میں رش کے پیش نظر ٹریفک منیجمنٹ پلان پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے، اور افطار سے قبل و بعد اہم شاہراہوں پر اضافی ٹریفک نفری تعینات کی جائے۔ غیرقانونی پارکنگ کے خلاف کارروائی کی ہدایت بھی دی گئی ہے، اور شہریوں کو پیشگی ٹریفک ایڈوائزری فراہم کرنے کو بھی ترجیح دی گئی ہے۔علاوہ ازیں، خواتین اور فیملیز کی سہولت کے لیے خصوصی گشت اور ہیلپ ڈیسک قائم کرنے، اور ایمرجنسی رسپانس یونٹس اور ایمبولینسز کو الرٹ رکھنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ، ماہِ صیام کے بابرکت مہینے میں عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ کسی بھی غفلت یا کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا، اور پولیس، رینجرز، اور دیگر اداروں کے مابین مربوط اور مؤثر سیکیورٹی و ٹریفک انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔