افغانستان کے ساتھ مذاکرات ہی آگے بڑھنے کا موثر راستہ ہے: سہیل آفریدی

اسلام آباد(آئی  این پی )وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے  افغانستان کے ساتھ معاملات میں مذاکرات ہی آگے بڑھنے کا موثر راستہ ہے۔انہوں نے یہ بات  یورپی یونین کے سفیر ریمونڈاس کاروبلس کی قیادت میں آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔سہیل آفریدی نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہزاروں سال پر محیط مشترکہ تاریخ اور ثقافتی رشتے موجود ہیں، افغانستان کی جنگ کے اثرات سے خیبر پختونخوا کو شدید نقصان اٹھانا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک کے سب سے بڑے سیاسی رہنما ہیں جن کا موقف واضح ہے کہ جنگ اور فوجی آپریشن مسائل کا حل نہیں، موجودہ صورتحال کی وجہ سے خیبر پختونخوا کا افغانستان کے ساتھ سالانہ 10 ارب روپے سے زائد کا تجارتی حجم شدید متاثر ہوا ہے۔سہیل آفریدی نے کہا کہ صوبائی حکومت مارکیٹ ڈیمانڈ کے مطابق نصاب اور کورسز میں اصلاحات کر رہی ہے، عمران خان کے وژن کے مطابق نوجوانوں پر سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔وزیر اعلی نے مزید کہا کہ صوبے میں تعلیم کا بجٹ کئی گنا بڑھایا گیا ہے اور تعلیم کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انٹرمیڈیٹ سطح پر یتیموں اور طالبات کو مفت تعلیم کی فراہمی کے لیے ایجوکیشن کارڈ متعارف کرایا گیا ہے