ایلون مسک کا ایک بیٹا بھارت سے بھی نکل آیا ، درمیانی نام سیکھر ہے

 واشنگٹن (آئی این پی )ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سی ای او ایلون مسک  کے بارے میں  حال ہی میں ایک دلچسپ انکشاف سامنے آیا ہے۔ مسک نے بتایا کہ ان کی پارٹنر، نیورالنک کی ایگزیکٹو شِیون زیلس، آدھی بھارتی نسل سے تعلق رکھتی ہیں، اور ان کے ایک بیٹے کے درمیانی نام میں بھارت کے مشہور نیوبل انعام یافتہ فلکیاتی سائنسدان سبراہمنین چندراسکھر کا نام شامل ہے۔ اس بیٹے کا درمیانی نام سیکھر ہے۔یہ انکشاف مسک نے ایک بڑی آن لائن اسٹاک بروکریج کمپنی زیروڈھا کے بانی نِکِل کامتھ کی پوڈکاسٹ پیپِل بائی ڈبلیو ٹی ایف میں کیا۔انہوں نے بتایا کہ زیلس کا بھارت سے تعلق کسی بھارتی ماحول یا زندگی گزارنے کی وجہ سے نہیں بلکہ نسلی پس منظر کی بنیاد پر ہے۔ زیلس کینیڈا میں پلی بڑھی ہیں اور پیدائش کے وقت انہیں گود لے لیا گیا تھا، اور مسک نے خود اعتراف کیا کہ ان کے خاندانی پس منظر کی مکمل تفصیل وہ نہیں جانتے۔