ملزم محمد اشرف پہلے سے شادی شدہ تھا، کنیز بیبی سے 5 سال قبل دوسری شادی کی تھی
جلی ہوئی باقیات، راکھ اور ہڈیاں تین سٹیل ڈبوں میں محفوظ کر کے قبضہ پولیس میں لے لی گئیں
بہاولنگر(آئی این پی )بہاولنگر کی نئی آبادی قاسم کا میںشوہر نے ساتھیوں سمیت جھونپڑی کو مبینہ طور پر آگ لگا کر بیوی کو زندہ جلا دیا۔ محمد عدنان نے تھانہ تخت محل میں درخواست دیتے ہوئے الزام لگایا کہ اس کی والدہ کنیز بی بی کو اس کے سوتیلے باپ محمد اشرف نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر زندہ جلا کر قتل کردیا۔درخواست کے مطابق ملزم محمد اشرف، جو پہلے سے شادی شدہ تھا، نے کنیز بیبی سے 5 سال قبل دوسری شادی کی تھی، گزشتہ شب کنیز بی بی کو گھر سے بلاکر قریبی جھونپڑی میں لے گیا۔ صبح کے وقت جب اہلِ خانہ اور گواہان جھونپڑی کے قریب پہنچے تو وہاں آگ لگی ہوئی تھی اور ملزمان موقع دیکھ کر فرار ہوگئے۔ جھونپڑی کے اندر کنیز بی بی کی جلی ہوئی نعش ملی۔اطلاع ملنے پر پولیس اور کرائم سین ٹیم موقع پر پہنچی، جہاں سے جلی ہوئی باقیات، راکھ اور ہڈیاں تین سٹیل ڈبوں میں محفوظ کر کے قبضہ پولیس میں لے لی گئیں۔ نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو ہسپتال بہاولنگر منتقل کیا گیا۔پولیس نے مقدمہ قتل (302) اور دیگر دفعات 148/149 کے تحت درج کرلیا ہے۔ تفتیش جاری ہے جبکہ مرکزی ملزم محمد اشرف اور اس کے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔