بہاولنگر(خصوصی رپورٹ )بہاولنگر کی نئی آبادی قاسم کا میں شوہر نے جھونپڑی کو آگ لگا کر بیوی زندہ جلا دی۔ محمد عدنان نے تھانہ تخت محل میں درخواست دیتے ہوئے الزام لگایا کہ اس کی والدہ کنیز بی بی کو اس کے سوتیلے باپ محمد اشرف نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر زندہ جلا کر قتل کیا اور فرار ہوگیا۔ ملزم اشرف نے کنیز بی بی سے 5 سال قبل دوسری شادی کی تھی۔ گزشتہ رات کنیز بی بی کو گھر سے بلاکر قریبی جھونپڑی میں لے گیا، صبح جھونپڑی کے اندر کنیز بی بی کی جلی ہوئی لاش ملی۔اطلاع پر پولیس اور کرائم سین ٹیم موقع پر پہنچی اور خاتون کی جلی ہوئی باقیات محفوظ کر کے قبضہ میں لیکر پوسٹمارٹم کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال بہاولنگر منتقل کردیا۔