لندن 2025ء کے لیے دنیا کا بہترین شہر قرار، دبئی 13 ویں نمبر پر

لندن 2025ء کے لیے دنیا کا بہترین شہر قرار، دبئی 13 ویں نمبر پر

2025ء کے لیے دنیا کے بہترین شہروں کی فہرست میں لندن کو اولین نمبر پر رکھا گیا ہے، جسے دولت، رہائشی سہولتوں اور پسندیدگی کی بنیاد پر درجہ بندی کی گئی ہے۔

 یہ سروے مارکیٹنگ کمپنی Resonance نے عالمی مارکیٹ ریسرچ کمپنی Ipsos کے ساتھ مل کر کیا۔ فہرست میں لندن کے بعد دوسرے نمبر پر نیویارک اور تیسرے نمبر پر پیرس ہیں۔یہ درجہ بندی 30 ممالک کے 22,000 افراد کے سروے کے ذریعے کی گئی، جس میں ان شہروں کا تجزیہ کیا گیا کہ کس شہر میں زیادہ دولت، بہتر رہائشی سہولتیں اور لوگوں کی پسندیدگی حاصل ہے۔ لندن نے ان تمام پہلوؤں میں سب سے زیادہ نمبر حاصل کیے، جس کی وجہ سے اسے دنیا کا بہترین شہر قرار دیا گیا۔ٹوکیو، جو کہ ایشیا کا بہترین شہر قرار پایا ہے، اس فہرست میں چوتھے نمبر پر ہے۔

ٹوکیو کی اقتصادی ترقی اور رہائشی سہولتوں نے اسے اس مقام تک پہنچایا۔ اسی طرح سنگاپور، روم اور میڈرڈ بالترتیب پانچویں، چھٹے اور ساتویں نمبر پر آئے، جنہیں بھی اعلیٰ معیار کی رہائش اور معیار زندگی کی بنیاد پر اس فہرست میں نمایاں مقام حاصل ہوا۔اس فہرست میں بارسلونا آٹھویں، برلن نویں اور کینیڈا کے شہر وینکوور دسویں نمبر پر ہیں۔ دبئی کو مشرق وسطی کا بہترین شہر قرار دیتے ہوئے 13 ویں نمبر پر رکھا گیا، جو کہ اپنے کاروباری مواقع اور سیاحت کی صنعت میں ترقی کی وجہ سے نمایاں ہے۔اس سروے کا مقصد ان شہروں کی درجہ بندی کرنا تھا جو دنیا بھر میں مقیم افراد کے لیے سب سے زیادہ پرکشش ہیں، ان میں زندگی کے معیار، مالی ترقی اور ثقافتی اہمیت جیسے مختلف عوامل کو مدنظر رکھا گیا۔