وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا یو اے ای کے 53ویں قومی دن پر مبارکباد کا پیغام

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا یو اے ای کے 53ویں قومی دن پر مبارکباد کا پیغام

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے متحدہ عرب امارات کے 53 ویں قومی دن کے موقع پر یو اے ای کے عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یو اے ای دنیا بھر میں جدت اور ترقی کی قابل تقلید مثال ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں اور یو اے ای نے قدیم روایات کی پاسداری کرتے ہوئے ترقی کی بلندیاں چھوئی ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کی ورک فورس نے یو اے ای کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان گہرے تعلقات ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ یو اے ای مسلم دنیا کا ایک اہم ترین ملک ہے، جس نے ہر آزمائش کی گھڑی میں پاکستان کا پورا ساتھ دیا۔ انہوں نے یو اے ای کی اقتصادی اور سفارتی حمایت کو سراہا اور دعا کی کہ یو اے ای کی ترقی اور استحکام میں مزید اضافہ ہو۔مریم نواز نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یو اے ای پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے اور دونوں ممالک کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔