وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے 53ویں قومی دن کے موقع پر امارات کی قیادت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی۔
اپنے پیغام میں، وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو یو اے ای کی ترقی اور خوشحالی پر فخر ہے، جو کہ شیخ زاید بن سلطان النہیان مرحوم کی حکمت و دانشمندی کی بدولت ممکن ہوئی۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ اس ترقیاتی سفر کو شیخ محمد بن زید النہیان اور شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے آگے بڑھایا۔ انہوں نے پاکستان اور یو اے ای کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے یو اے ای کا ثابت قدم دوست اور شراکت دار رہا ہے۔شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور انہیں اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ وزیراعظم نے اپنے پیغام میں یو اے ای اور پاکستان کی دوستی کو مزید تقویت دینے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ "پاکستان متحدہ عرب امارات دوستی زندہ باد!"