وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لانس نائیک محمد محفوظ شہید نشان حیدر کو 1971 کی جنگ میں بہادری اور قربانی پر زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانی قوم کے لیے مشعل راہ ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ لانس نائیک محمد محفوظ شہید نے واہگہ بارڈر پر دشمن کی عددی برتری کو خاک میں ملا دیا اور اپنی جان وطن کے دفاع پر قربان کر دی۔ ان کی فرض شناسی اور حب الوطنی دشمن کے ناپاک عزائم کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوئی۔وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم کو افواج پاکستان کے شہداء اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے اور قوم ان کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کرے گی۔