اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ایران کے صدر مسعود پزشکیان کا دورہ پاکستان انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور پاکستانی قوم ان کا بھرپور خیر مقدم کرتی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے بتایا کہ ایرانی صدر کے استقبال کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے، پورے روٹ کو پاکستان اور ایران کے قومی پرچموں کے ساتھ آراستہ کیا گیا ہے جبکہ دونوں ممالک کی قیادت کے پورٹریٹ بھی آویزاں کیے گئے ہیں، جس سے شہر میں خوشی کا سماں ہے۔انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ یہ دورہ تجارت، سرمایہ کاری اور پاک ایران تعلقات کے فروغ کے لیے نہایت اہمیت رکھتا ہے۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ایران کے سابق صدر ابراہیم رئیسی شہید کے ساتھ تجارتی تعلقات کو بڑھانے سے متعلق متعدد امور زیر بحث آئے تھے، جنہیں اب مزید آگے بڑھایا جائے گا۔عطاء اللہ تارڑ نے مزید کہا کہ ایرانی صدر کے دورے کے دوران تجارتی حجم اور دوطرفہ تعاون بڑھانے کے لیے اہم معاہدے کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز کرے گا اور تجارت و سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔