جولائی میں 2 لاکھ سے زائد ایمرجنسیز پر رسپانس

 فائر آپریشن میں 2 شہادتیں، تمام اضلاع کی آپریشنل کارروائی کا جائزہ 
لاہور (کرائم رپورٹر) سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ، ڈاکٹر رضوان نصیر نے پنجاب کے تمام اضلاع کی ماہ جولائی 2025 کی آپریشنل کارکردگی کا جائزہ لیا۔ ڈاکٹر رضوان نصیر کو بتایا گیا کہ پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122) نے ماہ جولائی کے دوران پنجاب بھر میں 225,842 ایمرجنسیز پر رسپانس کرتے ہوئے 278,756 ایمرجنسی متاثرین کو ریسکیو سروسز فراہم کیں۔ انہوں نے گزشتہ ماہ کے دوران 38,877 روڈ ٹریفک حادثات، 1,538 آتشزدگی کے واقعات اور 170 ڈوبنے کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے عوام الناس کو ہدایات کی کہ بارشی موسم میں اپنے اور اپنے اہل خانہ کو کسی بھی ایمرجنسی سے محفوظ رکھنے کے لیے گھروں کی چھتوں اور نکاسی آب کا جائزہ لیتے رہیں، بجلی کے کھمبوں، سوئچوں، گیلے بجلی کے آلات سے دور رہیں، سیلابی، بارشی و نشیبی علاقہ جات میں جانے سے گریز کریں۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز کو آپریشنل بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ گزشتہ ماہ کے دوران 38,877 ٹریفک حادثات، 1,538 آتشزدگی کی ایمرجنسیز اور 170 ڈوبنے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔ انہوں نے پنجاب کے تمام اضلاع کے بڑے ریسکیو آپریشنز کا جائزہ لیا اور لاہور فائر ریسکیو سروس کی حفیظ سنٹر میں لگنے والی آگ کے دوران بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی کو سراہا جس کے باعث حفیظ سنٹر کو بڑے سانحے سے بچا لیا گیا۔ اسی روز لاہور میں ایک اور رہائشی علاقے میں فیکٹری میں لگنے والی آگ کے دوران تنگ گلیوں اور گنجان آباد علاقہ میں انتہائی چیلنجنگ اور پیچیدہ فائر اینڈ ریسکیو آپریشن میں بھی فائر فائٹر نے ایمرجنسی سروسز فراہم کیں تھیں، تاہم اس آپریشن میں دو فائر ریسکیورز نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر شہادت کا رتبہ حاصل کیا۔ یہ بریفنگ انہیں گزشتہ روز ماہانہ آپریشنل کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کے دوران دی گئی جس میں ڈویڑنل ایمرجنسی آفیسرز، ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کے مختلف ونگز کے سربراہان نے شرکت کی، جبکہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ جس میں پنجاب بھر کے ضلعی ایمرجنسی افسران نے اہم ریسکیو آپریشن، حادثات و ایمرجنسیز، کیس اسٹڈیز، درپیش چیلنجز، قابل ذکر اقدامات سمیت اپنی آپریشنل کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز نے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122) نے گزشتہ ماہ مجموعی طور پر 2,25,842 ایمرجنسیز پر رسپانس کیا جن میں 1,50,179 میڈیکل ایمرجنسیز، 38,877 روڈ ٹریفک حادثات، 6,711 گرنے / پھسلنے کے واقعات، 6,382 ڈیلیوری کیسز، 4,383 جرائم سے متعلق واقعات، 2,586 کرنٹ لگنے کے واقعات، 2,372 کام کے دوران ایمرجنسیز، 1,962 جانوروں کو ریسکیو کرنے، 1,538 آگ لگنے کے واقعات، 327 جھلسنے کے کیسز، 306 عمارتیں گرنے کے واقعات، 170 ڈوبنے کے واقعات اور 10,049 دیگر متفرق ایمرجنسیز شامل ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ ماہ پنجاب میں 38,877 روڈ ٹریفک حادثات کے دوران 387 افراد جاں بحق ہوئے۔ ان میں سب سے زیادہ 7,213 حادثات لاہور میں ہوئے جن میں 36 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ اسی طرح فیصل آباد میں 2,588، ملتان میں 2,530، گوجرانوالہ میں 1,942، شیخوپورہ میں 1,368 اور راولپنڈی میں 1,318 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے، جبکہ باقی 21,981 حادثات پنجاب کے دیگر اضلاع میں پیش آئے۔ آگ لگنے کے سب سے زیادہ واقعات بھی بڑے شہروں میں رپورٹ ہوئے