سیلاب زدہ علاقوں کی ڈرون کیمروں سے فضائی نگرانی، پانی کی صورتحال کا جائزہ
لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب میں سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی مسلسل فلڈ ریلیف آپریشنز میں مصروفِ عمل ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر سیف سٹیز اتھارٹی کی فلڈ سرویلنس ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں سرگرم ہیں۔ ترجمان سیف سٹیز کے مطابق گزشتہ 6 روز میں ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر سیلاب سے متعلق 1500 سے زائد کالز موصول ہوئیں، جن پر فوری مدد فراہم کی گئی۔ سیف سٹی کی تھرمل امیجنگ ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کی نشاندہی اور ریسکیو آپریشن جاری ہیں۔ ڈرونز کی مدد سے متاثرہ علاقوں میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ریئل ٹائم سرویلنس اور بروقت ریسپانس یقینی بنایا جا رہا ہے۔ لاہور کے سیلاب زدہ علاقوں کی ڈرون کیمروں سے فضائی نگرانی اور پانی کی صورتحال کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔ سیف سٹی مظفرگڑھ نے تھرمل ڈرون کی مدد سے دریائے چناب کے موضع دوآبہ میں پھنسے افراد کو بحفاظت ریسکیو کروایا۔ جھنگ، بھاولنگر، میانوالی سمیت پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی سمارٹ سیف سٹی سنٹرز کے ذریعے ریسکیو اور ریلیف آپریشنز جاری ہیں۔ شہریوں سے درخواست ہے کہ سیلاب یا کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر 15 ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔