ایلیٹ فورس کی ٹریننگ اور رسپانس ٹائم میں مزید بہتری لائی گئی ہے۔ آئی جی

لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت ایلیٹ فورس کے پیشہ ورانہ امور بارے سنٹرل پولیس آفس میں اجلاس منعقد ہواجس میں ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول کے
 ترقیاتی، تربیتی اور پیشہ ورانہ امور کا جائزہ لیا گیا۔ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ ڈاکٹر محمد وقار عباسی اور کمانڈنٹ ایلیٹ پولیس ٹریننگ سکول لیفٹیننٹ کرنل خالد سلیمان سمیت سینئر افسران اجلاس میں موجود تھے۔آئی جی پنجاب نے ایلیٹ فورس کے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، ٹریننگ اور پیشہ وارانہ امور سمیت دیگر امور بارے ہدایات جاری کیں۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ غیر ملکی پولیس فورسز کی طرف سے ٹریننگ میں دلچسپی ایلیٹ پولیس فورس کی شاندار پیشہ وارانہ صلاحیتوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔ دہشت گردی، شدت پسندی کے خطرات کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لئے ایلیٹ فورس کی ٹریننگ اور رسپانس ٹائم میں مزید بہتری لائی گئی ہے۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہاکہ ایلیٹ فورس کے تربیت یافتہ کمانڈوز ہائی پروفائل آپریشنز کو کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ ایلیٹ پولیس فورس کی استعداد کار اور صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کر رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ ایلیٹ پولیس ٹریننگ سنٹر میں جاری ترقیاتی کاموں کو اعلی معیار کے مطابق مقررہ ٹائم لائن میں مکمل کریں۔ ایلیٹ پولیس اہلکاروں کی بیرکس، ہاسٹلز سمیت تمام زیر تکمیل پراجیکٹس موثر سپرویڑن سے مکمل کئے جائیں جبکہ زیر تربیت ایلیٹ اہلکاروں کو بہترین ٹریننگ، خوراک سمیت تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔ آر پی او فیصل آباد، آر پی او بہاولپور، ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس، ڈی آئی جی ایلیٹ، اے آئی جی ڈویلپمنٹ، اے آئی جی پروکیورمنٹ، ایس ایس پی ایڈمن اور ایس پی ہیڈکوارٹرز ایلیٹ فورس سمیت سینئر افسران اجلاس میں موجود تھے۔