پاکستانی ہائی کمیشن لندن نے درخواستیں وصول کرنے کے بعد متعلقہ حکام کو آگاہ کر دیا ہے،وزارت داخلہ کی منظوری سے فیصلہ ہوگا: علیمہ خان
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے سابق وزیراعظم کے بیٹوں نے پاکستانی ہائی کمیشن میں ویزے کی درخواست دے دی ہے اور وہ ویزے کے منتظر ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں علیمہ خان نے کہا سلیمان اور قاسم نے چند روز قبل لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں ویزے کی درخواست دی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پاکستانی سفیر نے بتایا ویزا درخواستوں کی منظوری وزارت داخلہ اسلام آباد سے زیر التوا ہے اور وزارت داخلہ اسلام آباد کی منظوری کے بعد ویزے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔علیمہ خان نے کہا کہ پاکستانی ہائی کمیشن لندن نے درخواستیں وصول کرنے کے بعد متعلقہ حکام کو آگاہ کر دیا ہے۔