بانی پی ٹی آئی کے بیٹے فیصلہ کر رہے ہیں تو بالکل پاکستان آئیں، ہمارا موقف صرف یہ ہے پی ٹی آئی تشدد کی طرف رجوع نہ کرے‘، احتجاج کرنا سیاسی جماعتوں کا حق ہوتا ہے
پی ٹی آئی چاہتی ہے 9 مئی یا 26 نومبر پھر برپا کرے تو اجازت نہیں دی جائے گی نریندر مودی عالمی سطح پر رُل گیا‘مودی کی باتیں سنجیدہ نہیں لینی چاہئیں:وزیردفاع
اسلام آباد(آن لائن)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کو آنے سے حکومت کیوں روکے گی۔اسلام آباد میں نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا پاکستان آنے کے لیے وزٹ، اجازت اور شرائط پوری کر کے آسکتے ہیں، میں نے میڈیا پر ہی پڑھا ہے والد نے منع کیا وہ نہ آئیں۔انہوں نے کہا اگر بانی پی ٹی آئی کے بیٹے فیصلہ کر رہے ہیں تو بالکل پاکستان آئیں، ہمارا مؤقف صرف یہ ہے کہ پی ٹی آئی تشدد کی طرف رجوع نہ کرے، احتجاج کرنا سیاسی جماعتوں کا حق ہوتا ہے، انہیں اس کی اجازت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ 9 مئی یا 26 نومبر پھر برپا کرے تو اجازت نہیں دی جائے گی۔بھارتی وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نریندر مودی کی ناؤ اب ڈوب چکی ہے، بیانات دے کر نریندر مودی اپنی ساکھ دوبارہ بحال کرنا چاہتا ہے، پاک فوج اور قوم نے مودی کی ساکھ مٹی میں ملائی اور وہ رُل گیا۔خواجہ آصف نے کہا کہ نریندر مودی عالمی سطح پر رُل گیا، جس سے گلے ملتا ہے وہ گلے نہیں ملتے، کسی کو ہاتھ ملانا چاہتا ہے وہ ہاتھ نہیں ملاتے، نریندر مودی اب بین الاقوامی مذاق بن چکا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نریندر مودی کی باتیں سنجیدہ نہیں لینی چاہئیں، بھارتی پارلیمنٹ میں نریندر مودی کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا، بھارتی میڈیا اور فوج خود کہہ رہی ہے کہ جہاز گرے، اب نریندر مودی کو بھی مان لینا چاہیے، نریندر مودی کا سورج غروب ہوچکا، سیاسی خاک ختم ہو چکی، اب بحال ہونا ناممکن ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ بڑی طاقتوں کی جانب سے فلسطینیوں پر قحط نازل کیا گیا اب ان کی قربانیاں رنگ لارہی ہیں، جس طرح غزہ کے بچوں کو بھوکا مارا جارہا ہے یہ انسانیت کے لیے قابلِ شرم ہے۔