عمران خان نے اپنے بیٹوں کو پاکستان آنے سے نہیں روکا، پی ٹی آئی

بچے آئیں گے، تاریخ کا تعین ہونا باقی ، میڈیا پر چلنے والی خبریں درست نہیں 
میڈیا دوستوں سے درخواست کروں گا بات کو من و عن نشر کریں:وقاص اکرم
 اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک )تحریک انصاف نے بانی پارٹی عمران خان کی جانب سے اپنے دونوں بیٹوں کو پاکستان آنے سے روکنے اور اپنی رہائی کیلئے کسی سرگرمی میں حصہ لینے سے روکنے کی خبروں کی تردید کردی۔بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بیٹے، 28 سلیمان خان اور 26 سالہ قاسم خان نے پہلی بار مئی میں اپنے والد کی قید پر آواز اٹھائی تھی، رواں ماہ کے آغاز میں،قبل ازیں، میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ سابق وزیراعظم نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے بیٹے پاکستان نہیں آئیں گے اور کسی احتجاج میں حصہ نہیں لیں گے یا قیادت نہیں کریں گے۔ان رپورٹس پر فوری ردعمل دیتے ہوئے، پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات وقاص اکرم نے کہا کہ عمران خان کے بچوں کے بارے میں میڈیا میں چلنے والی خبر مکمل طور پر غلط ہے، عمران خان نے ہرگز اپنے بچوں کو پاکستان آنے سے نہیں روکا، میں ان میڈیا دوستوں سے درخواست کروں گا جو اڈیالہ سے رپورٹ کرتے ہیں کہ بات کو من و عن نشر کریں، باتوں کو سیاق و سباق سے ہٹ کر یا اپنی مرضی سے پیش کرنا مناسب نہیں۔ایک فالو اپ پوسٹ میں وقاص اکرم نے مزید کہا کہ کسی کو بھی اس بات پر شک نہیں ہونا چاہیے کہ عمران خان کے بچے پاکستان آئیں گے، اب صرف تاریخ کا تعین ہونا باقی ہے، اور سب کو یاد رکھنا چاہیے کہ جب انہوں نے آنے کا فیصلہ کیا تو اپنے والد کو کہا کہ ہم اجازت نہیں مانگ رہے بلکہ اطلاع دے رہے ہیں، لہٰذا ایسی پروپیگنڈا باتوں سے گریز کریں، کیونکہ ان کا کوئی فائدہ نہیں۔