ایران امریکا جنگ میں پاکستان کی سفارتکاری کیخلاف بھارتی پروپیگنڈا جاری ہے، دفتر خارجہ

ایران امریکا جنگ میں پاکستان کی سفارتکاری کیخلاف بھارتی پروپیگنڈا جاری ہے، دفتر خارجہ

پاکستان کے دفتر خارجہ نے ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ جنگ کے معاملے میں پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کے حوالے سے جاری بھارتی پروپیگنڈے کی سخت مذمت کی ہے۔

 ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے اسلام آباد میں فعال سفارتکاری جاری رہی۔ترجمان کے مطابق پاکستان نے مشرق وسطیٰ کے امن کے لیے سعودی عرب، ترکی اور مصر کے وزرائے خارجہ کے ساتھ بات چیت میں اہم کردار ادا کیا۔ اس دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے مسلم امت کے اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔ چار وزرائے خارجہ نے ایران اور امریکا کے مذاکرات کے لیے اسلام آباد میں اجلاسوں کی حمایت کی۔دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ ایران نے اب تک 20 پاکستانی پرچم بردار جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دی ہے، جسے پاکستانی حکام نے خوش آئند قرار دیا۔ اس کے علاوہ، پاکستان نے چینی وزیر خارجہ کی دعوت پر چین میں مذاکرات کیے، جن میں ایران-امریکا جنگ کے خاتمے کے لیے پانچ نکاتی ایجنڈا تیار کیا گیا۔

پاکستانی وفد چین میں افغان طالبان کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے تاکہ افغانستان کے اندر دہشتگردی کو روکا جا سکے۔ ترجمان نے زور دیا کہ پاکستان نے کبھی بھی مذاکرات سے پیچھے نہیں ہٹا اور افغان طالبان کے خلاف ٹھوس اقدامات کا مطالبہ جاری ہے۔آخر میں طاہر اندرابی نے خبردار کیا کہ ایران-امریکا مذاکرات میں پاکستان کے کردار کے بارے میں بھارتی میڈیا میں فیک نیوز اور جھوٹے دعوے پھیلائے جا رہے ہیں اور عوام کو ایسے پروپیگنڈے سے ہوشیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔یہ اقدامات پاکستان کی فعال سفارت کاری اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اس کے کردار کو اجاگر کرتے ہیں۔